پاکستان نے فتح-4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا

0
38
پاکستان نے فتح-4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا

اسلام آباد: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کیے گئے فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتح-4 ایکسٹینڈڈ ورژن جدید ایویانکس اورجدید نیویگیشن نظام سے لیس ہے۔ میزائل کو طویل فاصلے پر اہداف کو زیادہ درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت کے پیش نظر تیار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی اور تکنیکی خصوصیات کو جانچا گیا۔ نئے نظاموں کا مقصد میزائل کی درست نشانہ لگانے کی صلاحیت کے ساتھ اس کی بقا کی استعداد کو بھی بہتر بنانا ہے۔

میزائل کے تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ دفاعی ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

کامیاب تجربے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

اعلیٰ عسکری قیادت نے فتح-4 کے توسیعی ورژن کی تیاری اور تجربے میں حصہ لینے والی تکنیکی ٹیم کی محنت، مہارت اور عزم کو سراہا۔

ادھر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی میزائل تجربے کو ملکی دفاع کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔

گورنر پنجاب کے مطابق مقامی سطح پر دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاس ہے۔

Leave a reply