سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانیکی ہدایت

0
15
سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانیکی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما کے دوران گیس کی طلب پوری کرنے اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر گیس کی بلا تعطل درآمد یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سردیوں میں گیس لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، ہارون اختر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو موسم سرما میں گیس کی دستیابی، طلب اور ترسیلی نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی، جبکہ بجلی گھروں اور صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آر ایل این جی کے استعمال کو ترجیح حاصل ہوگی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس ذخائر سے صارفین تک مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس میں پانی گرم کرنے اور گھروں میں اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کو فروغ دینے کی غرض سے بینک فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سردیوں میں عوام کو گیس کی فراہمی میں مشکلات سے بچانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں اور ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

Leave a reply