کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

0
20
کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

پاکستان کی سابق فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کیمطابق کائنات امتیاز نے قومی ٹیم کیجانب سے 19 ونڈے انٹرنیشنل اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزکھیلے۔

کائنات امتیاز پاکستان کی ان ٹیموں کا بھی حصہ رہیں جنہوں نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا، جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

کرکٹ سے دوری کے بعد کائنات امتیاز نے کمنٹری کے شعبے میں بھی اپنی خدمات انجام دیں، جبکہ اب وہ ویمن میچ ریفری کے طور پر بھی نئے کیریئر کا آغاز کرچکی ہیں۔

کائنات امتیاز کا تعلق کرکٹ سے وابستہ خاندان سے ہے۔ ان کی والدہ سلیمہ امتیاز بھی امپائرنگ کے شعبے میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور وہ آئی سی سی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر ہیں۔

سلیمہ امتیاز اب تک خواتین کے 9 ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔

Leave a reply