دنیا کے دو انتہائی بلند آواز پرندے، شور کی شدت نے سائنس دانوں کو حیران کر دیا

0
17
دنیا کے دو انتہائی بلند آواز پرندے، شور کی شدت نے سائنس دانوں کو حیران کر دیا

پرندوں کی دنیا میں کچھ ایسی اقسام بھی موجود ہیں جن کی آواز اتنی طاقتور ہوتی ہے کہ وہ بڑے صنعتی آلات کے شور کا مقابلہ کرتی محسوس ہوتی ہے۔ ایک نئی سائنسی تحقیق میں دو پرندوں کی آوازیں 120 ڈیسی بل سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں۔

امریکا کی یونیورسٹی آف میساچوسٹس ایمہرسٹ کے محققین نے امریکا اور برازیل میں 2018 سے 2025 کے دوران 123 مختلف پرندوں کی آوازوں کا جائزہ لیا۔ تحقیق میں بیئر تھروٹڈ بیل برڈ اور ریڈ لیگڈ سیریما غیر معمولی طور پر بلند آواز رکھنے والی اقسام کے طور پر سامنے آئے۔

بیئر تھروٹڈ بیل برڈ کی آواز ایک پیمائش میں 122.4 ڈیسی بل تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض دیگر پیمائشوں میں اس کی شدت تقریباً 131 ڈیسی بل تک پہنچی۔

محققین کے مطابق دنیا کا سب سے بلند آواز پرندہ قرار دینے کا نتیجہ اس بات پر منحصر ہے کہ آواز کی پیمائش کس طریقے سے کی جائے۔ کسی ایک پرندے کی بلند ترین آواز کو معیار بنایا جائے تو بیئر تھروٹڈ بیل برڈ نمایاں رہتا ہے، جبکہ مختلف ریکارڈنگز کی اوسط شدت دیکھی جائے تو ریڈ لیگڈ سیریما بھی انتہائی بلند آواز رکھنے والی اقسام میں شامل ہے۔

اس سے قبل وائٹ بیل برڈ کو دنیا کا بلند ترین آواز والا پرندہ قرار دیا گیا تھا۔ 2019 میں اس کی آواز تقریباً 125 ڈیسی بل ریکارڈ ہوئی تھی۔

جنگل میں آواز ناپنا کیوں مشکل ہے؟

محققین کے لیے جنگل میں پرندوں کی آواز کی درست شدت معلوم کرنا ایک پیچیدہ عمل ہے، کیونکہ اس کے لیے آواز پیدا کرنے والے پرندے اور ریکارڈنگ ڈیوائس کے درمیان فاصلہ درست طور پر معلوم ہونا ضروری ہے۔ اکثر پرندہ آواز تو نکالتا ہے لیکن گھنے جنگل میں دکھائی نہیں دیتا، جبکہ قریب جانے کی کوشش پر وہ اڑ سکتا ہے یا آواز نکالنا بند کر دیتا ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے تحقیق میں لیزر رینج فائنڈر استعمال کیے گئے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے محققین پرندے سے فاصلے اور اس کی آواز کی شدت کو زیادہ درست انداز میں ریکارڈ کر سکے۔

بڑے جسم اور چوڑی چونچ کا تعلق

تحقیق میں یہ رجحان بھی سامنے آیا کہ بڑے جسم اور نسبتاً چوڑی چونچ رکھنے والے پرندوں میں زیادہ بلند آواز پیدا کرنے کی صلاحیت پائی جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بڑے پرندوں کے جسمانی پٹھے زیادہ طاقتور ہونے کے باعث آواز پیدا کرنے کے لیے زیادہ قوت فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ چوڑی چونچ آواز کو زیادہ توانائی کے ساتھ باہر منتقل کرنے میں مدد دیتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض پرندے جسمانی حجم میں اپنے سے کہیں بڑے جانوروں کے مقابلے میں بھی انتہائی بلند آواز پیدا کر سکتے ہیں۔ سائنس دانوں کے مطابق اس غیر معمولی صلاحیت کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

Leave a reply