
پاک بحریہ نے نئی شامل کی گئی آبدوز پی این ایس ہنگور سے اینٹی شپ کروز میزائل فائر کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں ہونے والے اس تجربے کے دوران آبدوز سے داغا گیا میزائل طویل فاصلے پر موجود مقررہ ہدف تک پہنچا اور اسے کامیابی سے نشانہ بنایا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے فائرنگ کے اس عملی مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آبدوز کی آپریشنل تیاری اور فائرنگ کی صلاحیت کا جائزہ لیا۔
نیول چیف نے میزائل فائرنگ کو پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں اضافے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید بحری دفاعی صلاحیتیں سمندری حدود کے تحفظ اور قومی بحری مفادات کے دفاع میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
حکام کے مطابق پی این ایس ہنگور سے کامیاب میزائل فائرنگ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ سمندری حدود کے تحفظ کے لیے اپنی جنگی اور دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے۔









