پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کا اعلان

0
22
پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری احتجاجی سرگرمیوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ میں بھی تعاون کی اپیل کردی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے حافظ نعیم الرحمان کی حالیہ پریس کانفرنس کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کرتی ہے اور عوام کو ریلیف دلانے کی کوششوں میں حافظ نعیم الرحمان کے ساتھ کھڑی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق بھی ان کے بیانات حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی حمایت کرنے کی درخواست بھی کی۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کے احتجاج اور دھرنے کسی سیاسی مفاد کے بجائے عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری ہیں۔ ان کے مطابق ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں کی تعداد 40 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ لاہور کے دھرنے کو ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے حکومتی ریلیف پیکج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں صرف ریلیف پیکج کافی نہیں، بلکہ عوام پر عائد اضافی لیوی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے موجودہ بوجھ کے مقابلے میں فی لیٹر 100 روپے کی رعایت بھی ناکافی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت عوام کو مزید ریلیف دلوانے کے لیے حکومت پر دباؤ جاری رکھے گی۔ انہوں نے 20 ستمبر کو بڑے عوامی مظاہرے اور اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے لانگ مارچ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج اور لانگ مارچ کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے مقدمے کی سماعت کی، جس کے دوران تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا۔

Leave a reply