مریم نواز کی بیٹی ماہ نور صفدر آج رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی

0
16
مریم نواز کی بیٹی ماہ نور صفدر آج رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر کی نکاح کی تقریب آج لاہور میں منعقد ہوگی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق نکاح کی تقریب جاتی امرا میں شام 5 بجے ہوگی، جس میں خاندان کے قریبی افراد، رشتہ دار اور محدود تعداد میں عزیز و اقارب شرکت کریں گے۔ تقریب کو نجی نوعیت کا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کا نکاح کاروباری شخصیت جبار خالد کے صاحبزادے ازان جبار کے ساتھ ہوگا۔ جبار خالد فلور ملنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں، تاہم دلہا اور ان کے خاندان کے حوالے سے مزید معلومات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب میں تقریباً 100 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، تاہم خاندان کی جانب سے مہمانوں کی حتمی تعداد یا تقریب سے متعلق تفصیلات باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

ماہ نور صفدر، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں اور عمومی طور پر وہ میڈیا کی توجہ سے دور رہتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔

مریم نواز نے بھی حالیہ دنوں لندن میں ماہ نور صفدر کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی تھی اور بیٹی کی تعلیمی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

Leave a reply