
مریدکے کے قریب جی ٹی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق چیئرمین بلدیہ شیخ شبیر احمد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شیخ شبیر احمد اپنی فلور ملز سے لاہور میں واقع گھر کی جانب گاڑی میں جا رہے تھے کہ مریدکے کے قریب نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ حملے میں وہ شدید زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ زخمی شیخ شبیر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے لاش کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال مریدکے منتقل کردیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو دیرینہ دشمنی کا ممکنہ نتیجہ قرار دیا ہے، تاہم حملے کے محرکات اور ملزمان کی شناخت کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔









