ہانیہ عامر کا پہلا ریپ گانا ’پابلو‘ وائرل، راکھی ساونت کی انٹری نے توجہ حاصل کرلی

0
0
ہانیہ عامر کا پہلا ریپ گانا ’پابلو‘ وائرل، راکھی ساونت کی انٹری نے توجہ حاصل کرلی

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری کے بعد موسیقی کے میدان میں بھی قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا پنجابی ہپ ہاپ ریپ گانا ’پابلو‘ پیش کردیا، جس نے ریلیز کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرلی۔

ہانیہ عامر نے اس گانے کے بول خود تحریر کیے اور اسے کمپوز بھی کیا، جبکہ میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری کی ذمہ داری بھی انہوں نے خود سنبھالی۔ گانے میں ہانیہ نے اپنے منفرد انداز کے ذریعے ان لوگوں کو جواب دینے کی کوشش کی ہے جو سوشل میڈیا پر ان کی شخصیت اور طرزِ زندگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

’پابلو‘ کا آغاز نسبتاً نرم دھن سے ہوتا ہے، جو آگے بڑھتے ہوئے پنجابی ریپ اور ہپ ہاپ انداز اختیار کرلیتا ہے۔ گانے کے ذریعے ہانیہ نے یہ تاثر دیا کہ وہ دوسروں کی رائے سے متاثر ہوئے بغیر اپنی زندگی اپنی مرضی سے جینا چاہتی ہیں۔

تاہم گانے کا اختتامی حصہ سب سے زیادہ حیران کن ثابت ہوا، جہاں بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی آواز میں ہانیہ کے لیے ایک خصوصی پیغام شامل کیا گیا ہے۔

راکھی ساونت نے اپنے پیغام میں ہانیہ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مضبوط رہنے اور تنقید سے نہ گھبرانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ہانیہ کی خوبصورتی اور شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لوگوں کی باتوں کی فکر نہیں کرنی چاہیے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔

راکھی ساونت نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر بھی ہانیہ کے گانے کے حوالے سے اپنی حمایت کا اظہار کیا، جس کے بعد دونوں فنکاراؤں کے اس غیر متوقع تعاون پر مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھ گئی۔

ہانیہ عامر کے نئے گانے پر شوبز سے وابستہ دیگر شخصیات کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ یمنیٰ زیدی، ماہرہ خان اور حنا آفریدی سمیت دیگر فنکاروں نے ہانیہ کے نئے میوزک پروجیکٹ پر پسندیدگی اور جوش کا اظہار کیا۔

گانے کی پروڈکشن، مکسنگ اور ماسٹرنگ کومل عباس نے کی، جبکہ محمد محتشم نے ایسوسی ایٹ ڈائریکشن کے ساتھ ساتھ سینماٹوگرافی، ایڈیٹنگ اور گریڈنگ کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔

ہانیہ عامر کے میوزک ڈیبیو اور گانے کے اختتام پر راکھی ساونت کی اچانک آواز شامل کیے جانے کو سوشل میڈیا صارفین ایک منفرد کراس بارڈر تعاون قرار دے رہے ہیں، جبکہ ’پابلو‘ کی ریلیز کے بعد گانے کے مختلف حصے سوشل میڈیا پر تیزی سے زیرِ بحث ہیں۔

Leave a reply