فوجیوں کے درمیان صدر کا ایسا کارنامہ کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے، ویڈیو وائرل

منگولیا کے صدر اوکھناگین کھورلسوکھ نے فوجی یونٹ کے دورے کے دوران غیر معمولی جسمانی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 کلوگرام وزن کے ساتھ بینچ پریس کی 20 تکرار مکمل کرلیں۔
58 سالہ صدر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد تیزی سے وائرل ہوگئی، جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صدر کھورلسوکھ جم میں بینچ پر لیٹ کر بھاری وزن اٹھاتے ہیں اور مسلسل 20 ریپس مکمل کرتے ہیں۔ ان کی یہ کارکردگی دیکھ کر وہاں موجود فوجی اہلکار بھی متاثر دکھائی دیے۔
اوکھناگین کھورلسوکھ 2021 سے منگولیا کے صدر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2017 سے 2021 تک ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ وہ فوج سے بھی وابستہ رہے ہیں اور منگولین پیپلز آرمی میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
منگول صدر کو فٹنس اور مارشل آرٹس میں دلچسپی رکھنے والی شخصیت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ ان کی دلچسپیوں میں موسیقی بھی شامل ہے اور انہیں گٹار بجانے اور راک موسیقی پسند کرنے کے حوالے سے بھی رپورٹ کیا جا چکا ہے۔
صدر کی جانب سے 100 کلوگرام وزن کے ساتھ 20 بینچ پریس مکمل کرنے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو خاصا متوجہ کیا ہے۔









