قائداعظم کے اصول آج بھی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں: شہباز شریف

0
22
قائداعظم کے اصول آج بھی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور فلاحی ریاست بنانا بانیِ پاکستان کی سیاسی جدوجہد اور ورثے کا بنیادی مقصد تھا۔
وزیراعظم نے قائداعظم کی قیادت اور سیاسی بصیرت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے متحد کیا اور ان کی مذہبی، تہذیبی اور نظریاتی شناخت کے تحفظ کی راہ ہموار کی۔
شہباز شریف کے مطابق قیامِ پاکستان کے بعد قائداعظم نے نئی ریاست کو درپیش انتظامی اور مالی مشکلات کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر ہجرت اور حکومتی امور چلانے جیسے چیلنجز کا بھی دانش مندی اور عزم کے ساتھ سامنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی، معاشی خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے پوری قوم کو اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ قائداعظم کا یومِ وفات ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ملک کو ان کے وژن کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قائداعظم کے دیے گئے اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط آج بھی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ بانیِ پاکستان کے افکار اور اصولوں پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہونے کا عہد کرے۔
پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

Leave a reply