تعمیر کے دوران زمین نے اڑھائی ہزار سال پرانا راز اگل دیا

اٹلی کے شہر گراگنانو میں ایک پاستا فیکٹری کی توسیع کے دوران ماہرین آثارِ قدیمہ نے تقریباً 2600 سال قدیم قبرستان دریافت کیا ہے۔ یہ قبرستان رومی سلطنت کے عروج سے کئی صدیوں قبل کے قدیم دور سے تعلق رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فیکٹری کی توسیع کے لیے 2025 اور 2026 میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران تاریخی مقام سامنے آیا، جس کے بعد ماہرین نے وہاں باقاعدہ کھدائی شروع کی۔
کھدائی کے دوران پتھروں سے بنے تدفینی چیمبرز سے انسانی باقیات کے علاوہ مٹی اور پتھر کے برتن، ٹیکسٹائل، لکڑی کی اشیا اور ٹوکریاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ماہرین کو قیمتی پتھروں سے بنی جانوروں کی اشکال، مصری بھونرے نما نوادرات، چاندی اور کانسی کی اشیا بھی ملی ہیں۔
آثارِ قدیمہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت اس دور کے لوگوں کی تدفینی رسومات، سماجی ساخت اور روزمرہ زندگی کو سمجھنے میں اہم مدد دے سکتی ہے۔ بعض اشیا کا غیر معمولی طور پر محفوظ حالت میں ملنا بھی تحقیق کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
اس مقام پر تحقیق تاحال جاری ہے۔ انسانی باقیات کا سائنسی تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ قدیم آبادی کی خوراک، جسمانی سرگرمیوں اور طرزِ زندگی کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔
پاستا کمپنی کی انتظامیہ نے اس دریافت کو علاقے کی تاریخ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ گراگنانو کی قدیم تاریخ اور آج کی پاستا سازی کی معروف روایت کے درمیان ایک دلچسپ تاریخی تعلق کو اجاگر کرتا ہے۔









