
بینکاک میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ امیدواروں کو شکست دیتے ہوئے بورڈ کی تینوں ڈائریکٹر نشستیں حاصل کرلیں۔
اے سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران ڈائریکٹرز کی تین نشستوں کے لیے مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان کی جانب سے حمایت یافتہ قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے کامیاب قرار پائے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی پینل کی قیادت اے سی سی کے چیئرمین محسن نقوی کر رہے تھے، جبکہ اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔ بھارتی حمایت یافتہ امیدوار سخت مقابلے کے باوجود تینوں نشستیں حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
اے سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے ڈائریکٹرز کی تمام تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اجلاس میں آئندہ ایشیا کپ کی تیاریوں سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اگلے سال بنگلادیش میں شیڈول ایشیا کپ کے لیے سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کو ممکنہ میزبان وینیوز کے طور پر زیر غور لایا گیا۔
دوسری جانب ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا، جس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا، جبکہ فائنل سمیت تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔









