شرمیلا ٹیگور نے اسلام قبول کیا تھا، صبا پٹودی کا انکشاف

0
21
شرمیلا ٹیگور نے اسلام قبول کیا تھا، صبا پٹودی کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف پٹودی خاندان کی مذہبی زندگی ایک بار پھر گفتگو کا موضوع بن گئی ہے۔ اداکار سیف علی خان کی بہن صبا علی خان پٹودی نے اپنی والدہ اور معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے مذہب سے متعلق اہم باتیں شیئر کی ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں صبا پٹودی نے بتایا کہ ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا۔ ان کے مطابق شرمیلا نے اپنے بچوں کو بھی اسلام اور مذہبی معاملات کے بارے میں بنیادی رہنمائی فراہم کی۔

صبا کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق اسلام سے ہے اور وہ خدا کے لیے اللہ کا نام استعمال کرتی ہیں، تاہم وہ دیگر مذاہب کا بھی احترام کرتی ہیں۔ ان کے مطابق گھر میں مذہب کسی پر مسلط نہیں کیا گیا بلکہ بچوں کو اپنے عقیدے کو سمجھنے اور اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی آزادی دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پٹودی خاندان میں عید کے ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی جیسے تہوار بھی مل جل کر منائے جاتے رہے ہیں۔ صبا کے مطابق مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان شادیاں بھی خاندان کی تاریخ کا حصہ رہی ہیں۔

اس سے قبل سیف علی خان بھی مذہب کے حوالے سے اپنے خیالات بیان کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں یہ سکھایا کہ خدا ایک ہے اور اس کے کئی نام ہیں، اور وہ بھی اپنے بچوں کو یہی سوچ منتقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

شرمیلا ٹیگور ماضی میں اپنے مذہبی سفر کے بارے میں بھی بات کر چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اسلام قبول کرنے کے دوران انہیں ہندو مذہب اور اسلام، دونوں کو مزید سمجھنے کا موقع ملا۔ ان کے مطابق یہ تجربہ نہ مکمل طور پر آسان تھا اور نہ ہی بہت مشکل۔

Leave a reply