92 سالہ ہساکو سیکائی نے ’ٹیکن 8‘ ٹورنامنٹ جیت کر عمر کے معیار بدل دیے

جاپان میں 92 سالہ ہساکو سیکائی نے ایک خصوصی ای اسپورٹس ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کی، جس میں صرف بزرگ شہریوں نے حصہ لیا۔
ٹورنامنٹ میں شامل کھلاڑیوں کی عمریں 73 سے 95 سال کے درمیان تھیں۔ ہساکو نے اپنی مہارت اور حکمت عملی سے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’ٹیکن 8‘ گیم میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فائنل مقابلے میں انہوں نے 74 سالہ گورو سُگیاما کو شکست دی۔ ہساکو نے کلاڈیو کے کردار کا انتخاب کیا جبکہ گورو نے لیلی کا کردار منتخب کیا، تاہم ہساکو کی بہترین کارکردگی نے انہیں فاتح بنا دیا۔
یہ ٹورنامنٹ ’دی کیئر ای اسپورٹس ایسوسی ایشن‘ کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس کا مقصد بزرگ شہریوں کو ای اسپورٹس کے ذریعے سماجی اور جسمانی طور پر فعال رکھنا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے ایونٹس بزرگ شہریوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔
ہساکو سیکائی کی یہ کامیابی یہ ظاہر کرتی ہے کہ عمر کھیل اور مقابلے کے جذبے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اور ای اسپورٹس میں بھی نئے ریکارڈ قائم کیے جا سکتے ہیں۔









