
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے معروف براڈکاسٹر عشرت فاطمہ کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں واپس آنے پر آمادہ کر لیا ہے۔ عشرت فاطمہ نے وزیر اطلاعات کی درخواست قبول کرتے ہوئے پی ٹی وی میں نئے آنے والے نیوز کاسٹرز کی تربیت کے لیے بطور مینٹور خدمات انجام دینے کی رضامندی ظاہر کی۔
وزیر اطلاعات نے عشرت فاطمہ کے گھر جا کر ان کی 45 سالہ شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عشرت فاطمہ نیوز کاسٹنگ اور براڈکاسٹنگ کے شعبے میں ایک نمایاں شناخت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پی ٹی وی واپسی ادارے کے لیے اہمیت رکھتی ہے اور نئے آنے والوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔
عشرت فاطمہ نے اپنے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کام سے محبت کرتی ہیں اور زندگی کی آخری سانس تک کام کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے اور نئے آنے والوں کو اعتماد اور سہارا دینا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ عشرت فاطمہ نے حال ہی میں ریڈیو پاکستان سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں بھرپور حمایت حاصل ہوئی تھی۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر عشرت فاطمہ کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔







