22 دسمبر: سال کی طویل ترین رات اور مختصر ترین دن

رواں سال 22 دسمبر کی رات شمالی نصف کرے میں سال کی سب سے طویل رات جبکہ اسی دن کا دن سب سے مختصر ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ فلکیاتی عمل ہر سال دسمبر کے تیسرے ہفتے میں وقوع پذیر ہوتا ہے۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل ترین رات کا آغاز رات تقریباً 8 بج کر 3 منٹ پر ہوا، جبکہ کراچی میں رات کا دورانیہ 13 گھنٹے 25 منٹ اور دن کا دورانیہ 10 گھنٹے 35 منٹ ریکارڈ کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ مظہر 20 سے 23 دسمبر کے درمیان کسی بھی دن پیش آ سکتا ہے، تاہم اس سال یہ موقع 22 دسمبر کو آیا ہے۔ فلکیات میں شمالی نصف کرے کی اس طویل ترین رات کو ونٹر سولسٹائس یا شمالی انقلابِ سرما کہا جاتا ہے۔
ماہرین نے وضاحت کی کہ زمین اپنے محور پر تقریباً 23.4 درجے جھکی ہوئی ہے اور جب زمین سورج کے گرد گردش کرتی ہے تو سال میں ایک موقع ایسا آتا ہے جب شمالی نصف کرے سورج سے زیادہ دور جھک جاتا ہے، جس کے باعث وہاں دن چھوٹے اور راتیں طویل ہو جاتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ زمین کی محوری گردش مسلسل جاری رہتی ہے، اس لیے انقلابِ سرما کے فوراً بعد زمین کا جھکاؤ دوبارہ سورج کی جانب بڑھنے لگتا ہے، جس کے نتیجے میں شمالی نصف کرے میں دن بتدریج لمبے اور راتیں مختصر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔









