یہ 6 برقی مصنوعات بند ہونے کے باوجود بجلی “چوس” کر آپ کا بل بڑھاتی ہیں

0
102
یہ 6 برقی مصنوعات بند ہونے کے باوجود بجلی "چوس" کر آپ کا بل بڑھاتی ہیں

جدید دور میں بجلی کا استعمال ہر گھر کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے، مگر بڑھتے ہوئے بل ہر کسی کے لیے دردِ سر بنے ہوئے ہیں۔ کئی لوگ توانائی بچانے کے لیے سولر پینلز جیسے متبادل ذرائع اپناتے ہیں، مگر ہر شخص کے لیے یہ ممکن نہیں۔

آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ آپ کے گھر کی کئی الیکٹرانک مصنوعات بند ہونے کے باوجود مسلسل بجلی خرچ کرتی رہتی ہیں — اور آپ کا بجلی کا بل خاموشی سے بڑھتا جاتا ہے۔

ان مصنوعات کو تکنیکی اصطلاح میں “ویمپائر الیکٹرانکس” یا “انرجی ویمپائرز” کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ بند ہونے کے باوجود پاور سورس سے جُڑے رہنے پر تھوڑی تھوڑی بجلی استعمال کرتی رہتی ہیں۔

امریکا کے محکمہ توانائی کے مطابق، ایک اوسط گھرانہ صرف ان ویمپائر الیکٹرانکس کی وجہ سے سالانہ 100 سے 200 ڈالرز تک اضافی بجلی کا بل ادا کرتا ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بجلی کا بل 5 سے 10 فیصد تک کم ہو جائے، تو ذیل میں دی گئی ان 6 مصنوعات کو استعمال کے بعد سوئچ سے بند کر دینا یا پلگ نکال دینا ایک کارآمد عادت ثابت ہو سکتی ہے:

اسمارٹ ٹی وی
جدید اسمارٹ ٹی وی بند ہونے کے باوجود بیک گراؤنڈ میں بجلی خرچ کرتے رہتے ہیں، کیونکہ وہ اسٹینڈ بائی موڈ میں رہتے ہیں۔ 2025 کی ایک تحقیق کے مطابق صرف برطانیہ میں صارفین کو سالانہ £14.54 کا نقصان صرف اس وجہ سے ہوتا ہے۔ ٹی وی کو مکمل طور پر سوئچ سے بند کر دینا بہتر ہے۔

ویڈیو گیم کنسولز
ایکس باکس، پلے اسٹیشن یا دیگر کنسولز اسٹینڈ بائی موڈ میں ہر وقت بجلی استعمال کرتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق صرف ایک کنسول سالانہ 16 واٹس تک بجلی ضائع کر دیتا ہے۔ اگر کنسولز کا استعمال کم ہو تو انہیں مکمل بند کرنا دانشمندی ہے۔

پرنٹرز
بیشتر لوگ پرنٹرز کو ہمیشہ آن رکھتے ہیں، چاہے ہفتوں استعمال نہ کریں۔ مگر یہ بند حالت میں بھی بجلی خرچ کرتے ہیں۔ صرف پلگ نکال دینے سے سالانہ بجلی کی خاصی بچت ہو سکتی ہے۔

سیٹ ٹاپ باکس، ڈی وی ڈی پلیئر اور وائی فائی راؤٹر
یہ تمام ڈیوائسز 24 گھنٹے بجلی پر جُڑی رہتی ہیں۔ سیٹ ٹاپ باکس سے سالانہ تقریباً 50 ڈالرز کا نقصان ہو سکتا ہے۔ رات کے وقت اگر ممکن ہو تو راؤٹر اور سیٹ ٹاپ باکس کو آف کر دینا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

کچن کی چھوٹی مشینیں
توستر، کافی میکر، بلینڈر یا مائیکروویو جیسے آلات بند ہونے کے باوجود پلگ میں لگے ہونے پر بجلی کھاتے رہتے ہیں۔ ان کا استعمال ختم ہوتے ہی پلگ نکال دینا ایک اچھی عادت ہو سکتی ہے۔

موبائل فون چارجرز
فون چارج نہ ہونے کے باوجود چارجر پلگ میں لگا رہے تو یہ بھی بجلی خرچ کرتا ہے۔ رات بھر فون چارجنگ پر لگانا بھی غیر ضروری بجلی خرچ کا سبب بنتا ہے۔ کوشش کریں کہ چارجر کو استعمال کے فوراً بعد نکال دیں۔

کیا کریں؟ چھوٹا سا عمل، بڑی بچت!
بجلی سے جُڑی غیر ضروری مصنوعات کو پلگ سے نکالنا شروع کریں۔

“اسمارٹ پاور اسٹرِپس” کا استعمال کریں جو بیک وقت کئی ڈیوائسز کی پاور کو کنٹرول کر سکتی ہیں۔

استعمال کے بعد تمام غیر ضروری برقی آلات کو بند کرنا روزمرہ کا معمول بنائیں۔

یاد رکھیں، ہر واٹ کی بچت، آپ کے ماہانہ بجلی بل میں فرق ڈال سکتی ہے۔

Leave a reply