یومِ حقِ خود ارادیت پر کشمیری عوام کا بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج

0
48
یومِ حقِ خود ارادیت پر کشمیری عوام کا بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیری آج یومِ حقِ خود ارادیت منا رہے ہیں۔ اس موقع پر کشمیری عوام اپنے اس بنیادی حق کی یاد دہانی کراتے ہیں جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم کیا گیا تھا۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شدید سرد موسم کے باوجود آزادی چوک پر رات کے وقت مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس کے تحت کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے تعین کے لیے آزادانہ رائے شماری کا حق دیا گیا۔ تاہم کئی دہائیوں گزرنے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہ ہو سکا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے اور اس کی ذمہ داریوں کی جانب مبذول کرانا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ حقِ خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی، جس میں ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ غیرجانبدار اور آزاد رائے شماری کے ذریعے کرنے کا عہد کیا گیا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیرقانونی قبضے کے باعث یہ وعدہ آج تک وفا نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن جبر اور تشدد کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلوانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

Leave a reply