یمن میں پھنسے پاکستانی بحری عملے کی حکومت سے مدد کی اپیل

0
101
یمن میں پھنسے پاکستانی بحری عملے کی حکومت سے مدد کی اپیل

یمن کے ساحلی علاقے کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے ایک بحری جہاز میں موجود پاکستانی عملے نے حکومت پاکستان سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ جہاز میں موجود کپتان سمیت عملے کے 24 ارکان کا تعلق پاکستان سے ہے۔

ذرائع کے مطابق، جہاز پر حالیہ ڈرون حملے میں کسی پاکستانی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم عملہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہے۔ پاکستانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز یمن کے حکومتی کنٹرول سے باہر علاقے میں موجود ہے اور اس وقت محفوظ مقام پر منتقل نہیں کیا جا سکا۔

یہ بحری جہاز ایران کی بندرگاہ بندرعباس سے یمن کے لیے ایل این جی لے کر روانہ ہوا تھا۔ عملے کی جانب سے موصول ہونے والے ویڈیو پیغامات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جہاز پر حوثی عناصر موجود ہیں اور پاکستانی عملے کو جہاز چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

عملے نے حکومت پاکستان، وزارت میری ٹائم اور ڈی جی پورٹس سے فوری ایکشن لینے کی درخواست کی ہے، تاکہ جہاز کو جبوتی یا کسی محفوظ مقام پر لے جایا جا سکے اور عملے کو بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔

پاکستانی حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ بحری جہاز میں موجود شہریوں کی سلامتی اور واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply