یمن میں تجارتی بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملے، 6 افراد جاں بحق

0
8
یمن میں تجارتی بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملے، 6 افراد جاں بحق

یمن کے ساحلی شہر المخا میں تجارتی بحری جہازوں اور بندرگاہی تنصیبات پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

یمنی حکام کے مطابق حوثیوں نے المخا بندرگاہ اور قریبی علاقوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران بندرگاہ پر سامان اتارنے والے تجارتی جہازوں پر بھی کئی میزائل داغے گئے، جس کے بعد 2 بحری جہازوں میں آگ لگ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 2 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ حملے سے ہونے والے دیگر جانی و مالی نقصان کا مکمل اندازہ تاحال سامنے نہیں آسکا۔

یمنی حکومت سے وابستہ فورسز کے ترجمان کے مطابق المخا میں کئی روز سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ حوثیوں نے اس دوران درجنوں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز استعمال کیے، جبکہ دھماکا خیز مواد سے بھری کشتیوں کے ذریعے بھی حملے کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق حملوں کا نشانہ صرف بندرگاہ نہیں بلکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے والی بعض تنصیبات بھی بنیں۔

المخا بندرگاہ بحیرہ احمر تک رسائی کے حوالے سے یمن کی اہم بندرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور اس وقت یمنی حکومت کے حامی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔

یمن میں حوثیوں اور حکومت نواز گروہوں کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جھڑپیں اور حملے ہوتے رہتے ہیں، جن میں عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

Leave a reply