
راولپنڈی: ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے اڈیالہ جیل میں علاج و معالجے کے تمام ریکارڈ طلب کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیل حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمران خان کے تمام اہم طبی اعداد و شمار فراہم کریں، جن میں بلڈ پریشر، نبض، درجہ حرارت، خون میں شوگر کی سطح اور دیگر وائٹل سائنز شامل ہیں۔ ساتھ ہی کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی رپورٹس بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ معلوم ہو سکے کہ کس دن اور کون سے میڈیکل اسٹاف نے ان کا چیک اپ کیا۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان کے وائٹل سائنز روزانہ تین مرتبہ ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں، ان کے آنکھوں کے علاج کے لیے اسپتال منتقلی اور چیک اپ کے لیے الشفا آئی اسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں، ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر امجد، پر مشتمل ایک پینل بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس پینل میں شامل دونوں ڈاکٹر پاکستان کے بہترین ماہرین امراض چشم میں شمار کیے جاتے ہیں۔









