ہنگو میں دو دھماکے، ایس پی آپریشنزسمیت 3 پولیس اہلکار شہید

0
133
ہنگو میں دو دھماکے، ایس پی آپریشنزسمیت 3 پولیس اہلکار شہید

ہنگو کے علاقے میں دہشت گردی کے دو واقعات پیش آئے جن میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پہلا دھماکہ ہنگو کے علاقے غلمینا میں ہوا جہاں دہشت گردوں نے ایک چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے تباہ کیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دھماکے کی اطلاع ملنے پر ایس پی آپریشنز اسد زبیر موقعے کی طرف روانہ ہوئے، تاہم درابن کے مقام پر ان کی گاڑی کے قریب دوسرا دھماکہ ہوا جس میں وہ موقع پر شہید ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے میں دو دیگر اہلکار بھی شہید اور دو زخمی ہوئے۔

شہداء اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایس پی اسد زبیر اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں ملک میں امن کے قیام کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔

Leave a reply