ہنگامی حالات میں سعودی عرب کی پاکستان کے لیے تیل کی فراہمی کی یقین دہانی

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ تیل کی فراہمی کے معاملے میں ہنگامی حالات کے دوران تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات پر بات کی۔
ملاقات میں سعودی سفیر نے پاکستان کے لیے خام تیل کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور یانبو بندرگاہ کے ذریعے تیل کی محفوظ سپلائی کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان سے ایک جہاز یانبو کے لیے روانہ کیا جائے گا تاکہ ملک کے لیے تیل کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ سعودی عرب کی حمایت پاکستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ زیادہ تر پیٹرولیم مصنوعات آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہیں اور موجودہ حالات میں سعودی تعاون کا کردار انتہائی اہم ہے۔
سعودی سفیر نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی ہنگامی ضرورت کے دوران پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا اور دونوں ممالک ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔









