
گوگل میپس استعمال کرتے ہوئے اگر فون کی بیٹری کم ہو جائے تو نیوی گیشن جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل میپس میں ایک نئے پاور سیونگ موڈ کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ کے لیے گوگل میپس کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ اس کا مقصد کم بیٹری کی صورت میں ایپ کی بجلی کی کھپت گھٹانا اور نیوی گیشن کو زیادہ دیر تک فعال رکھنا ہے۔
پاور سیونگ موڈ فعال ہونے پر میپس کا رنگین انٹرفیس سادہ مونوکروم انداز اختیار کر سکتا ہے۔ اس دوران غیر ضروری نقشہ جاتی تفصیلات کم کر دی جائیں گی اور صارف کو بنیادی معلومات، جیسے اگلا موڑ اور منزل تک پہنچنے میں باقی وقت، نمایاں طور پر دکھایا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق اس موڈ میں گلیوں کے نام، ٹریفک کی رنگین تفصیلات اور کچھ دیگر اسکرین عناصر محدود کیے جا سکتے ہیں۔ اس طرح اسکرین اور ایپ کے وسائل کے استعمال میں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق نیوی گیشن کے دوران فون کا فزیکل پاور بٹن دبانے سے بھی اس موڈ کو فعال کرنے کا آپشن سامنے آ سکتا ہے۔
تاہم گوگل نے ابھی اس فیچر کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، اس لیے یہ واضح نہیں کہ اسے عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا۔ بیٹا ورژن میں موجود فیچر حتمی ریلیز سے قبل تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔









