گل پلازہ کو ناقابلِ استعمال قرار دے دیا گیا

0
84
گل پلازہ کو ناقابلِ استعمال قرار دے دیا گیا

کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے گل پلازہ کی عمارت کو آئندہ استعمال کے لیے غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈینجرس بلڈنگ کمیٹی کی ابتدائی جانچ کے بعد سامنے آیا ہے۔
ڈینجرس بلڈنگ کمیٹی گزشتہ چار روز سے جائے حادثہ پر موجود ہے اور متاثرہ عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اپنی حتمی رپورٹ جمعرات کو متعلقہ حکام کو پیش کرے گی، جس میں آگ لگنے کی وجوہات، عمارت کو پہنچنے والے نقصان اور اسٹرکچر کی مجموعی حالت سے متعلق مکمل تفصیلات شامل ہوں گی۔
ابتدائی جائزے میں کمیٹی نے گل پلازہ کی عمارت کو مستقبل میں استعمال کے قابل نہ ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، آتشزدگی سے متاثرہ ساتھ واقع رمپا پلازہ کے نقصان زدہ حصوں کے استعمال پر بھی فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایس بی سی اے کے مطابق متاثرہ ستونوں کو مضبوط بنانے کے لیے کنکریٹ جیکٹنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جو مستند اسٹرکچرل انجینئر کی نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکمل سیفٹی کلیئرنس کے بغیر کسی بھی متاثرہ عمارت کو دوبارہ استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a reply