گل پلازہ آگ: رمپا پلازہ بھی غیر محفوظ قرار، دکانیں بند رکھنے کی ہدایت

کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والی شدید آگ کے بعد، ملحقہ عمارت رمپا پلازہ کو بھی غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے بتایا ہے کہ آگ کی وجہ سے رمپا پلازہ کے ساختی ستون متاثر ہوئے ہیں، اور اس کے نقصان زدہ حصوں کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایس بی سی اے نے رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو ہدایت کی ہے کہ عمارت میں کسی بھی سرگرمی کو مجاز اجازت کے بغیر جاری نہ رکھا جائے۔ مرمتی اور بحالی کے کام صرف مستند اسٹرکچرل انجینئر کی نگرانی میں ہوں گے، اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر عمارت کا استعمال ممکن نہیں ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد ریسکیو آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق اس حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو گئی ہے، جن میں سے 11 کی شناخت ہو چکی ہے اور 17 کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اب بھی 85 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
فائر آفیسر کے مطابق آگ کے بعد کولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور دھواں ختم ہو چکا ہے۔ تمام اوپن ایریاز میں سرچ آپریشن کیا گیا، تاہم وہاں سے مزید لاشیں نہیں ملیں۔
مئیر کراچی نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن کا 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اور عمارت کے مخدوش حصوں میں ریسکیو آپریشن آج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق گل پلازہ کے ساتھ ساتھ رمپا پلازہ کے کچھ حصوں میں بھی آج سرچ آپریشن ہوگا تاکہ کسی ممکنہ خطرے یا نقصان کو ختم کیا جا سکے۔









