گلگت بلتستان کی بہادری کو تاریخ کبھی نہیں بھولے گی، صدر مملکت

گلگت بلتستان میں ڈوگرہ راج سے آزادی کے جشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان نے 1947 میں جہاد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا اور اس کے جوانوں کی قربانیاں تاریخ میں امر رہیں گی۔
صدر زرداری نے کہا کہ 1947 کی جنگ میں 1700 جوان شہید ہوئے، جن کی بہادری کو تاریخ کبھی نہیں بھلا سکتی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات، ہر وادی میں اسکولوں کے قیام، معدنی وسائل کے فروغ اور سیاحت کی ترقی پر زور دیا۔
صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اپنی ایئرلائن بھی ملنی چاہیے اور اسے دیگر صوبوں کی طرح ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی ترقی سے پورے پاکستان کی ترقی ممکن ہے۔
صدر زرداری نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم اور کشمیری عوام کی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے سی پیک کو پاکستان کی ترقی کا اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا دوست اور شراکت دار ہے اور سی پیک فیز ٹو کامیابی سے جاری ہے۔








