
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے پاکستان کی ممکنہ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے میں ٹیم مینجمنٹ نے 12 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جن میں سے 11 کو فائنل الیون کا حصہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گروپ میچ میں شامل دو کھلاڑی — حسن نواز اور سفیان مقیم — اس بار پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے، جبکہ خوشدل شاہ کی شمولیت بھی غیر یقینی ہے۔
ٹیم انتظامیہ نے اس بار بھارتی بیٹنگ لائن کے خلاف فاسٹ بولنگ پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا نے تیز گیند بازوں کے ساتھ مخصوص حکمت عملی ترتیب دی ہے تاکہ مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھا جا سکے۔
پاکستان کی ممکنہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو سکتی ہے:
صائم ایوب
صاحبزادہ فرحان
فخر زمان
فہیم اشرف
سلمان علی آغا (کپتان)
محمد نواز
حسین طلعت
محمد حارث (وکٹ کیپر)
شاہین شاہ آفریدی
حارث رؤف
ابرار احمد
واضح رہے کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ ایک بار پھر شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، خاص طور پر گزشتہ میچ کے بعد پیدا ہونے والے “ہینڈ شیک” تنازع کے تناظر میں۔









