کیا آپ کا فون ہیک ہوچکا ہے؟ یہ نشانیاں نظر انداز نہ کریں

0
341
کیا آپ کا فون ہیک ہوچکا ہے؟ یہ نشانیاں نظر انداز نہ کریں

موجودہ دور میں اسمارٹ فون ہماری روزمرہ زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں، لیکن جیسے جیسے ان کا استعمال بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے سائبر خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ چاہے آپ کے پاس اینڈرائیڈ ہو یا آئی فون، ہیکنگ سے مکمل طور پر محفوظ رہنا ممکن نہیں رہا۔

ماہرین کے مطابق ہیکرز مختلف طریقے اپنا کر فونز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جن میں جعلی ایپس، نقصان دہ لنکس، غیر محفوظ وائی فائی نیٹ ورکس اور مشکوک سافٹ ویئر شامل ہیں۔

لیکن سوال یہ ہے کہ اگر آپ کا فون ہیک ہو چکا ہو تو آپ کو کیسے پتا چلے گا؟ ماہرین نے کچھ اہم علامات کی نشاندہی کی ہے جن پر نظر رکھنا ضروری ہے:

بیٹری کا تیزی سے ختم ہونا: اگر فون کی بیٹری غیر معمولی طور پر جلدی ختم ہو رہی ہو اور فون زیادہ گرم محسوس ہو، تو یہ ایک مشتبہ علامت ہو سکتی ہے۔

مشکوک ایپس اور سست روی: اگر آپ کے موبائل میں ایسی ایپس نظر آئیں جو آپ نے انسٹال نہیں کیں، یا ایپس خود بخود کھل یا بند ہو رہی ہوں تو یہ بھی ہیکنگ کا اشارہ ہو سکتا ہے۔

ڈیٹا یا بیلنس کا جلد ختم ہونا: اگر فون کا ڈیٹا یا پیکج غیر متوقع طور پر جلدی ختم ہونے لگے یا کال لاگ میں انجانے نمبرز نظر آئیں، تو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔

پاپ اپس اور نوٹیفکیشنز: غیر ضروری یا بار بار آنے والے نوٹیفکیشنز اور اشتہارات بھی فون میں میلویئر یا ہیکنگ کی علامت ہو سکتے ہیں۔

اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ ہونا: اگر آپ خود کو بغیر کسی وجہ کے ایپل آئی ڈی، گوگل یا دیگر آن لائن اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ پائیں تو یہ ایک واضح انتباہ ہو سکتا ہے۔

اپنے فون کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیشہ قابلِ اعتماد ذرائع سے ہی ایپس انسٹال کریں، مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں اور عوامی وائی فائی نیٹ ورکس کے استعمال میں احتیاط برتیں۔

Leave a reply