کویت میں دو آئل ریفائنریز پر ڈرون حملے، آگ پر قابو پا لیا گیا

0
52
کویت میں دو آئل ریفائنریز پر ڈرون حملے، آگ پر قابو پا لیا گیا

کویت میں دو مختلف آئل ریفائنریز پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم حکام نے تصدیق کی ہے کہ دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا واقعہ مینا الاحمدی ریفائنری میں پیش آیا، جہاں ایک ڈرون کے حملے سے ایک آپریشنل یونٹ میں محدود آگ لگ گئی۔ یہ ریفائنری کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی کے زیر انتظام ہے۔ انتظامیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے فائر فائٹنگ ٹیموں کو طلب کیا اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے آگ کو پھیلنے سے روک دیا۔

دوسرا حملہ مینا عبداللہ ریفائنری میں ہوا، جہاں ایک اور ڈرون حملے کے بعد اسی نوعیت کی آگ لگی۔ حکام کے مطابق دونوں مقامات پر پہلے سے موجود حفاظتی نظام کی بدولت عملہ محفوظ رہا۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر چھ فائر فائٹنگ ٹیموں نے دونوں مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔

حکام نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں کویت میں ڈرون اور میزائل حملوں کی کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، تاہم زیادہ تر حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں ۔

علاقائی کشیدگی کے تناظر میں ایران کی جانب سے امریکی مفادات اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں، جو خطے میں جاری کشیدگی کا حصہ سمجھے جا رہے ہیں۔

Leave a reply