کومل میر وزن میں اضافے پرتنقید سے ذہنی دباؤ کاشکار

پاکستانی اداکارہ کومل میر نے حالیہ ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وزن میں اضافے کے بعد انہیں سوشل میڈیا اور قریبی حلقوں سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ان کی ذہنی صحت متاثر ہوئی۔
کومل کے مطابق ابتدا میں انہوں نے ان تبصروں کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی، لیکن وقت کے ساتھ یہ سلسلہ طول پکڑتا گیا اور بات اتنی بڑھ گئی کہ وہ جذباتی طور پر ٹوٹنے لگیں۔ انہوں نے بتایا کہ تنقید صرف سوشل میڈیا تک محدود نہیں رہی بلکہ ذاتی زندگی میں بھی لوگ ان کے وزن پر رائے دیتے رہے۔
اداکارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض صارفین اب بھی ان کی ہر پوسٹ پر وزن سے متعلق تبصرے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوستوں نے مشورہ دیا کہ وہ ایک وضاحتی ویڈیو بنا کر لوگوں کو اصل صورتِ حال بتائیں، لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا کیونکہ ان کے بقول “لوگ ویسے بھی یقین نہیں کرتے”۔
کومل میر نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ کسی کی جسمانی ساخت یا ظاہری تبدیلیوں پر رائے دینے سے پہلے دوسروں کے احساسات کا خیال رکھنا ضروری ہے۔









