
ہاٹ لائن نیوز : کراچی کے علاقے کورنگی میں ہالووین پارٹی کے انعقاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پارٹی کو بند کردیا تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی کا اہتمام مقامی انتظامیہ کی اجازت سے مہران ٹاؤن میں کیا گیا۔ تاہم، مقامی لوگوں نے پارٹی کے بارے میں شکایت کی، جس کے نتیجے میں پولیس نے مداخلت کی۔
اطلاعات کے مطابق ہالووین تھیم کے تحت ہونے والی پارٹی میں زیادہ تر نوجوان خوفناک اور نیم عریاں ملبوسات میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ پارٹی میں شراب اور دیگر نشہ آور چیزیں پینے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ہالووین پارٹی میں منشیات کے استعمال اور شور شرابے کی وجہ سے محلے کے مکینوں نے پولیس سے شکایت کی۔ کورنگی پولیس فوری طور پر پارٹی کے مقام پر پہنچ گئی، تقریب کو بند کروا دیا اور تمام لوگوں کو وہاں سے جانے کی ہدایت کی۔ تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔









