
کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کی صبح ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں تشویش پیدا ہوئی، تاہم کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زمین لرزنے کا یہ واقعہ صبح 9 بج کر 34 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کی شدت 3.2 تھی جبکہ اس کی گہرائی زیر زمین 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ملیر سے تقریباً 7 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر کے مطابق اس شدت کے زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں، لیکن چونکہ اس بار شدت معمولی طور پر 3 سے زیادہ تھی، اس لیے جھٹکے زیادہ محسوس کیے گئے۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔









