کراچی پولیس نے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، 9 ملزمان گرفتار

0
7
کراچی پولیس نے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، 9 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے کیماڑی میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایرانی کرنسی کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر کراچی کے ضلع کیماڑی میں موچکو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم اسمگلنگ نیٹ ورک کے 9 افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دو گاڑیوں کے ذریعے بلوچستان کے راستے شہر میں داخل ہوئے تھے۔ تلاشی کے دوران گاڑیوں سے ایرانی ریال کے 236 بنڈل برآمد ہوئے، جن کی مجموعی مالیت اربوں روپے کے برابر بتائی جا رہی ہے۔
گرفتار افراد میں گروہ کا مبینہ سرغنہ اصغر کے علاوہ عبدالغفار، تاج محمد اور نسیم شامل ہیں، جبکہ خواتین میں بی بی سہارا، گل سیما اور بی بی افسانہ بھی زیر حراست ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی کارروائی کے بعد تمام ملزمان، برآمد شدہ کرنسی اور استعمال ہونے والی گاڑیاں مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کی جا رہی ہیں۔

Leave a reply