
کراچی میں عیدالفطر سے قبل انتظامیہ نے شہر میں بڑھتے ہوئے رش، ٹریفک مسائل اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر کراچی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو مختلف علاقوں میں صورتحال کو کنٹرول کریں گی۔
انتظامیہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ بلدیاتی اداروں، ٹاؤن انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور مقامی پولیس کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کم کیے جا سکیں۔ خاص طور پر مصروف بازاروں میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے عارضی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔
پیشہ ور بھکاریوں کے حوالے سے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی، جبکہ گرفتار افراد کو بحالی کے عمل کے لیے غیر سرکاری تنظیموں کے حوالے کیا جائے گا تاکہ انہیں معاشرے کا کارآمد حصہ بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران گزشتہ دس دنوں میں 140 سے زائد پیشہ ور بھکاریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔








