کراچی میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، چار دہشت گرد ہلاک

0
54
کراچی میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، چار دہشت گرد ہلاک

کراچی میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک بڑی کارروائی کے دوران چار خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور شہر میں ایک ممکنہ بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کی گئی، جہاں 17 فروری کو گرفتار دہشت گردوں سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کا محاصرہ کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں سے تین کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ ایک کی شناخت ابھی باقی ہے۔ ایک اہم ہلاک دہشت گرد کی شناخت سہیل بلوچ عرف “گرک” کے نام سے ہوئی، جو کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا اہم کمانڈر تھا۔
سہیل بلوچ پہلے بلوچ لبریشن فرنٹ کا حصہ رہا اور 2022 میں بی ایل اے میں شامل ہوا۔ وہ اسلحہ اور لاجسٹک معاونت فراہم کرنے کے علاوہ متعدد دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث رہا۔ اسے کئی سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے قتل میں مطلوب تھا اور اس کا تعلق اہم دہشت گرد رہنماؤں سے بھی تھا۔
حکام کے مطابق سہیل بلوچ کی ہلاکت دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا ہے، اور اس کارروائی کے ذریعے کراچی میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کو ناکام بنایا گیا۔

Leave a reply