
کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد آٹے کے نئے نرخ جاری کردیئے گئے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 9 جولائی کو مقرر کیے گئے نئے نرخ 12 مئی کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ ریگولر آٹے کی ہول سیل قیمت 110 روپے سے بڑھا کر 122 روپے فی کلو کردی گئی ہے، جبکہ ریٹیل قیمت 113 روپے سے بڑھا کر 125 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 118 روپے سے بڑھا کر 132 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 121 روپے سے بڑھا کر 135 روپے فی کلو کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چکی کے آٹے کی ریٹیل قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ 145 روپے فی کلو برقرار رہے گی۔
کمشنر کراچی نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔









