کامیڈین ولی شیخ کی گاڑی دن دیہاڑے چوری، مدد کی اپیل

0
74

کراچی: معروف مزاحیہ اداکار ولی شیخ کی گاڑی کراچی کے علاقے ملیر معین آباد میں ان کے گھر کے باہر سے چوری ہو گئی۔

ولی شیخ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ یہ واقعہ 30 ستمبر کو دوپہر 3:30 سے 4 بجے کے درمیان پیش آیا، جب ان کی سفید اور سیاہ رنگ کی گاڑی گھر کے باہر سے غائب ہو گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر کال کی، مگر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی ردعمل نہیں آیا۔ بعد ازاں وہ خود تھانے گئے اور وہاں شکایت درج کروائی، جہاں انہیں پولیس کی جانب سے بہتر رویہ دیکھنے کو ملا۔

ولی شیخ نے اپنے ویڈیو بیان میں حکومتِ سندھ اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور ان کی گاڑی تلاش کر کے واپس دلوانے میں مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا، “میں ایک معمولی فنکار ہوں، بڑی مشکل سے پیسے جوڑ کر یہ گاڑی خریدی تھی۔”

اداکار نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ان کی ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ مجرموں کو پکڑنے اور گاڑی کی برآمدگی میں مدد مل سکے۔

Leave a reply