
پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق قومی اسمبلی اسپیکر اور پارٹی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ عوام نے شہباز شریف کو مسترد کیا تھا، مگر انہیں وزیراعظم مقرر کر دیا گیا۔
اسد قیصر نے عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے مفلوج کر دیا گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کھڑی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا اور طاقتور حلقوں نے فیصلہ کیا کہ عوام کے ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔
انہوں نے افغان بارڈر جلد کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔ جلسے کے دوران کارکنوں نے “ڈی چوک” کے نعرے بھی لگائے، جس پر اسد قیصر نے کہا کہ یہ خواہش جلد پوری ہوگی۔
اسد قیصر نے ضلع پشاور کے ارکان اور پارٹی رہنماؤں کو کامیاب جلسے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مضبوط قلعہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دھمکیوں کے باوجود عمران خان اور ان کے ساتھی نہیں جھکیں گے۔
جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی شریک ہیں۔









