ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب پر خودکش حملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی

0
90
ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب پر خودکش حملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی ایک تقریب کے دوران ہونے والے خودکش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ یہ واقعہ 23 جنوری کو قریشی موڑ کے قریب پیش آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور سفید چادر اوڑھے پنڈال میں داخل ہوا۔ قبائلی رقص کے دوران وہ اچانک مرکزی پنڈال سے نکل کر عقب میں واقع ایک کمرے کی طرف گیا، جہاں علاقے کے معززین موجود تھے۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے باعث کمرے کی چھت گر گئی۔
حملے میں خودکش بمبار سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق حملہ آور کی شناخت 21 سالہ عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ حملہ امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے بھتیجے کی شادی کی تقریب میں کیا گیا۔
سیکیورٹی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں مؤثر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے باعث دہشت گرد تنظیمیں سیکیورٹی فورسز کا براہِ راست سامنا کرنے سے گریز کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں وہ عوامی اجتماعات اور تقریبات کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق خطے میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے سرحد پار عوامل اور سہولت کاری کے خلاف مؤثر اور مربوط اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

Leave a reply