
سوشل میڈیا کی معروف جوڑی ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کی شادی کیسے ہوئی، اس حوالے سے عروب جتوئی نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں دلچسپ تفصیلات شیئر کی ہیں۔
عروب کے مطابق ڈکی بھائی کے روسٹ ویڈیوز بنانے کے دور میں انہوں نے خود انہیں پیغام بھیجا، جس کے بعد دونوں کے درمیان گفتگو کا سلسلہ شروع ہوا۔ کچھ عرصے بعد دونوں کی ایک ریسٹورنٹ میں ملاقات ہوئی۔
عروب نے بتایا کہ پہلی ملاقات میں انہوں نے ڈکی بھائی کے رویے کو خاص طور پر نوٹ کیا۔ انہیں یہ بات متاثر کن لگی کہ ڈکی نہ صرف ان کے ساتھ بلکہ ویٹرز اور دیگر افراد سے بھی احترام اور شائستگی سے پیش آئے۔
ان کے مطابق انہوں نے مختلف مواقع پر ڈکی بھائی کے مزاج کو سمجھنے کی کوشش کی، تاہم ہر بار انہیں ان کا رویہ مثبت اور مہذب محسوس ہوا۔
دوسری جانب ڈکی بھائی نے بتایا کہ ابتدا میں وہ عروب کی شخصیت اور خوبصورتی سے متاثر ہوئے تھے، لیکن شادی کا فیصلہ صرف ظاہری کشش کی بنیاد پر نہیں کیا۔ ان کے بقول انہوں نے عروب کے خاندان اور پس منظر کے بارے میں خاموشی سے معلومات حاصل کیں اور اطمینان کے بعد رشتے کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
عروب نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پسند کے بارے میں سب سے پہلے اپنی بہن کو آگاہ کیا تھا۔ بہن نے انہیں مشورہ دیا کہ چند ملاقاتوں میں کسی شخص کو مکمل طور پر سمجھنا آسان نہیں، تاہم عروب کو ڈکی بھائی میں ایسی کوئی بات محسوس نہیں ہوئی جو انہیں پریشان کرتی۔
ڈکی بھائی کے لیے بھی اہلِ خانہ کو راضی کرنا فوری طور پر ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے سب سے پہلے اپنی والدہ سے عروب کے بارے میں بات کی، جنہیں ابتدا میں خدشہ تھا کہ شاید وہ جذبات میں آکر فیصلہ کر رہے ہیں۔ بعد میں عروب سے ملاقات اور گفتگو کے بعد ان کی والدہ بھی اس رشتے سے مطمئن ہوگئیں۔
عروب کے والدین کو بھی شروع میں اس رشتے پر تحفظات تھے۔ ان کے والد کو خدشہ تھا کہ میڈیا سے وابستگی کے باعث ڈکی بھائی مستقبل میں اس رشتے کو برقرار نہ رکھ سکیں۔ تاہم عروب نے اپنے والدین کو اعتماد میں لیا اور بالآخر دونوں خاندان اس شادی پر رضامند ہوگئے۔
یوں سوشل میڈیا پر ایک پیغام سے شروع ہونے والی یہ ملاقات رفتہ رفتہ دوستی، پسند اور اعتماد میں تبدیل ہوئی اور بالآخر دونوں کی شادی پر منتج ہوئی۔ آج دونوں کے خاندان بھی ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں۔









