ڈکشنری ڈاٹ کام نے 2025 کا لفظ منتخب کر لیا

0
121
ڈکشنری ڈاٹ کام نے 2025 کا لفظ منتخب کر لیا

واشنگٹن: ڈکشنری ڈاٹ کام نے 2025 کے لیے اپنا سالانہ لفظ منتخب کر لیا ہے، اور یہ لفظ ہے “6-7”۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کوئی عام لفظ نہیں، بلکہ ایک وائرل فقرہ ہے جو نوجوانوں کے درمیان انٹرنیٹ پر بہت مقبول ہوا ہے۔

ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق ہر سال کا لفظ اس وقت کے معاشرتی رجحانات اور ثقافتی ماحول کی عکاسی کرتا ہے، لیکن اس سال کے لفظ کے پیچھے خود سائٹ بھی مکمل طور پر یقین نہیں رکھتی کہ اس کا مطلب کیا ہے۔

“6-7” کا آغاز 2024 میں ریپر اسکرلا کے گانے Doot Doot (6-7) سے ہوا، جو ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوا۔ خاص طور پر باسکٹ بال اسٹار لامیلو بال کی ویڈیوز کے ساتھ یہ فقرہ سب کے سامنے آیا، جن کی لمبائی 6 فٹ 7 انچ ہے۔ ایک ویڈیومیں ایک نوجوان جوش سے “6-7” چلاتا ہے اور دوسراہاتھوں کے اشارے سےجگلنگ کرتا ہے، جسکے بعد یہ فقرہ مقبول ہو گیا۔

لیکن اصل معنی ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ کچھ ماہرین کے مطابق یہ بس ایک مذاق ہے، جبکہ دیگر اسے “ایسا ویسا” یا غیر یقینی حالت ظاہر کرنے والا ایک بے معنی اظہار قرار دیتے ہیں۔ کئی بچے اسے صرف بڑوں کو چکرا دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

دنیا بھر میں “6-7” اتنا مقبول ہوا کہ والدین، اساتذہ اور یہاں تک کہ مشہور شخصیات نے بھی اس پر ویڈیوز بنائی ہیں۔ کچھ اسکولوں میں اسے بولنے پر پابندی لگ گئی، جبکہ ماہرین نفسیات اسے نوجوانوں کی اندرونی زبان کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق، سال کا لفظ صرف مقبولیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس بات کی عکاسی کے لیے منتخب کیا جاتا ہے کہ لوگ کس طرح بات چیت کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق “6-7” کی آن لائن سرچز اس سال جون سے چھ گنا بڑھ چکی ہیں۔

سائٹ نے کہا، “سال کا منتخب لفظ وہ ہوتا ہے جو ہمارے وقت کی کہانی بیان کرتا ہے، چاہے وہ معنی خیز ہو یا صرف ایک مذاق۔”

یہ لفظ شاید کوئی واضح معنی نہ رکھتا ہو، لیکن اس نے یہ ثابت کر دیا کہ آج کی نسل جذبات، احساسات اور وائبز کے ذریعے بات کرنا زیادہ پسند کرتی ہے، اور یہی موجودہ زبان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

Leave a reply