
نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے ڈاگی جدید میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اہلِ خانہ گھرمیں موجود تھے کہ اچانک کمرے کی چھت دھڑام سے گر گئی، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور مسلسل کوششوں کے بعد تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ رضوان، 9 سالہ ولیدہ، 6 سالہ ایان، 5 سالہ حفصہ اور 4 سالہ دعا شامل ہیں۔
زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجہ بلڈنگ کی کمزور حالت بتائی جارہی ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔









