ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیا بینچ بھی تحلیل

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائم ہونے والا نیا بینچ بھی ٹوٹ گیا۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے بھجوا دیا۔
کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق ایڈووکیٹ نے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا کہ معاملہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس پر جسٹس انعام منہاس نے ریمارکس دیے کہ “کوئی پیچیدگی نہیں، میرے اپنے فیصلے روسٹر سے متعلق موجود ہیں۔”
عدالت میں “ماسٹر آف روسٹر” یعنی عدالتوں میں مقدمات کی تقسیم کا اختیار کس کے پاس ہے، اس پر بھی گفتگو ہوئی۔ جسٹس انعام منہاس نے کہا کہ ان کے فیصلے کے مطابق چیف جسٹس ہی ماسٹر آف روسٹر ہیں، تاہم مختلف آراء کی وجہ سے اب یہ فیصلہ ایک لارجر بینچ کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جسٹس سردار اعجاز اسحاق کی عدالت نے وزیراعظم اور کابینہ کو عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے تھے۔ بعد ازاں یہ کیس جسٹس انعام منہاس کی عدالت منتقل کیا گیا تھا۔
اب عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ چیف جسٹس کے ماسٹر آف روسٹر ہونے سے متعلق قانونی نکتہ لارجر بینچ طے کرے گا، جس کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی ہے۔