
پاکستان کا 77واں یومِ آزادی
لاہور ہائیکورٹ میں پرچم کشائی تقریب
قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عابد عزیز شیخ نے لاہور ہائیکورٹ کی تاریخی عمارت پر پرچم کشائی کی۔
77 ویں یومِ آزادی کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ میں پرچم کشائی کی سادہ و پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول سے ہوا۔ قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عابد عزیز شیخ نے ساتھی ججز کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ کی تاریخی عمارت پر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمو مرزا، جسٹس چوہدری محمد اقبال،جسٹس ساجد محمود سیٹھی،جسٹس اسجد جاوید گرال،جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس رسال حسن سید، جسٹس سلطان تنویراحمد، جسٹس راحیل کامران شیخ بھی موجود تھے۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قائم مقام چیف جسٹس اور ججز کو سلامی دی۔ پروقار تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کی رجسٹرار عبہر گل خان اور دیگر افسران، سٹاف ممبران، فیملیز اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے شرکاء سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عابد عزیز شیخ کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں ہمارے اباؤاجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہمارے لئے باعث مسرت ہے کہ ہم آج 77واں یومِ آزادی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ آج ہمارا ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، لیکن اس کٹھن دور سے گزرنے کے لئے ہمیں قائدِ اعظم محمد علی جناح کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
فاضل قائم مقام چیف جسٹس کا کہناتھا کہ جمہوری ملک میں عدلیہ قانون اور انفرادی حقوق کی محافظ کے طور پر اہم مقام رکھتی ہے۔ آزاد عدلیہ قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور ریاست کے مختلف اداروں کے درمیان توازن برقرار رکھتی ہے۔ آئین پاکستان عدلیہ کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ملک میں انصاف کی فراہمی اوربنیادی حقوق کاتحفظ عدلیہ کی ذمہ داری ہے،قائم مقام چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ میں اصلاحات موجودہ دور کا انتہائی اہم تقاضا ہے،زیرالتواء مقدمات کو نمٹانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے،مصالحتی عدالتی نظام اختیار کرکے عدلیہ پرمقدمات کے دباؤ کو کم کیاجاسکتاہے،مصالحتی عدالتی نظام کاقانون پنجاب بھر میں نافذالعمل ہے جس کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے،عدلیہ میں اصلاحات کی مزید گنجائش موجود ہے،قائم مقام چیف جسٹس نے کہاکہ مستقبل کیلئے پرعزم ہیں کہ پاکستان ہمیشہ ترقی کریگا، عدالتی عملے کی محنت اور لگن سے تمام مشکلات پر قابوپایہ جائیگا۔قائم مقام چیف جسٹس نے تمام حاضرین کو یوم آزادی کی مبارکباد بھی دی۔









