پے در پے حادثات کے بعد بھارتی فضائیہ نے تمام تیجس طیارے عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیے

0
35
پے در پے حادثات کے بعد بھارتی فضائیہ نے تمام تیجس طیارے عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیے

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ نے مقامی ساختہ تیجس لڑاکا طیاروں کو پیش آنے والے حالیہ حادثات کے بعد عارضی طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 فروری کو پیش آنے والے حادثے کے بعد زیرِ استعمال 35 تیجس طیاروں کے پورے بیڑے کو تکنیکی جانچ کے لیے روک دیا گیا ہے۔
فضائیہ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، جس کے باعث تمام طیاروں کے مکمل معائنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جاری معائنوں میں لینڈنگ گیئر میں استعمال دھاتوں کا تجزیہ، الیکٹرو میگنیٹک بریکنگ سسٹم اور آن بورڈ سافٹ ویئر کی تفصیلی جانچ شامل ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ فنی خرابی کی نشاندہی کی جا سکے۔
7 فروری کو پیش آنے والے واقعے میں سنگل سیٹ طیارے کے پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم وہ محفوظ رہا۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور اسے ممکنہ طور پر ناقابلِ استعمال قرار دیا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2016 میں بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد یہ تیجس طیارے کا تیسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں جیسلمیر کے قریب فائر پاور مظاہرے سے واپسی کے دوران ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ دوسرا واقعہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران پیش آیا، جہاں فضائی کرتب دکھاتے ہوئے ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا اور پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔
دوسری جانب طیارہ ساز ادارہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) نے 7 فروری کے واقعے کو سنگین حادثہ قرار دینے کے بجائے ایک معمولی تکنیکی خرابی قرار دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کے تحت واقعے کا تفصیلی تجزیہ جاری ہے اور مسئلے کے جلد از جلد حل کے لیے فضائیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
ایچ اے ایل کے مطابق تیجس طیارہ عالمی سطح پر ہم عصر لڑاکا طیاروں کے مقابلے میں بہتر حفاظتی ریکارڈ رکھتا ہے، تاہم حالیہ واقعات کے تناظر میں مکمل تکنیکی جانچ کو احتیاطی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply