
ہاٹ لائن نیوز : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم کے عہدے کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عمر ایوب کو وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے، یہ منظوری پارٹی کے بانی عمران خان نے دی تھی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے یہ اعلان اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا۔ ملاقات کے بعد اسد قیصر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملکی سیاسی نامہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھ دیاہے ،دھاندلی سے بننے والی حکومت کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔ اسمبلی میں بیٹھ کر قانونی اور عوامی جنگ لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج شام تک احتجاج کی تاریخ دیں گے، پی ٹی آئی ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ سب جانتے ہیں کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چرایا گیا۔
اسد قیصر نے کہا کہ انہیں تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کا موقع دیا گیا ہے، انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین الیکشن تھا اور ہم مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ انتخابات کو دنیا قبول نہیں کر رہی۔
اسد قیصر نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی کے وزیراعظم قومی اسمبلی میں آئیں گے۔
اس موقع پر موجود پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے۔









