
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایشیا کپ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
اس معاملے پر آئی سی سی نے پی سی بی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی سی بی آئندہ لائحہ عمل کے لیے اعلیٰ حکومتی شخصیات سے مشاورت کرے گا۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی آج حکومتی عہدیداران سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی جلد اس معاملے پر اپنا مؤقف عوام کے سامنے لائے گا، اور بورڈ آئندہ چند گھنٹوں میں ایشیا کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ کر سکتا ہے۔
اگر پاکستان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو قومی ٹیم کے ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔