
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شائقین پہلے مرحلے میں آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، جب کہ فزیکل ٹکٹس 24 مارچ سے ملک بھر کے مقررہ مراکز پر دستیاب ہوں گے۔
ٹکٹوں کی خریداری کے لیے ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹیں حاصل کی جا سکیں گی۔ لیگ کے اس سیزن میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ مقابلے لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں منعقد ہوں گے، جبکہ فیصل آباد اور پشاور پہلی بار میچز کی میزبانی کریں گے۔
ٹکٹوں کی قیمتیں شہر کے حساب سے مختلف رکھی گئی ہیں۔ لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ 250 روپے سے شروع ہوں گے، فیصل آباد میں 300 روپے، جبکہ ملتان اور راولپنڈی میں 400 روپے سے دستیاب ہوں گے۔ بعض شہروں میں محدود تعداد میں ای ٹکٹس اور کارپوریٹ باکسز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
پشاور میں 28 مارچ کو ہونے والے میچ کے لیے خصوصی فیملی انکلوژر بھی مختص کیا گیا ہے، جہاں وی آئی پی فیملی زون کا ٹکٹ 2000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتیں مناسب رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اسٹیڈیم آ کر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔









